ذرائع کے مطابق ایک مقامی وکیل راجہ سبطین خان نے سپریم جوڈیشل کونسل میں آرٹیکل 209 کے تحت ایک درخواست دائر کی ہے جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمر عطا بندیال پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے متعلق کیس میں آئینی اصولوں سے انحراف کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے اپنے اس حلف کی خلاف ورزی کی جس کے تحت وہ چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں چیف جسٹس کے متعلق یہ تاثر ابھرا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے اندر گروپ بندی کے ذمہ دار ہیں، عوام کے اندر وسیع پیمانے پر یہ رائے پائی جاتی ہے کہ چیف جسٹس نے چند ججز کا ایک گروپ بنا رکھا ہے جس کو وہ ذاتی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
ریفرنس کے مطابق چیف جسٹس نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے متعلق ازخود نوٹس کیس میں اپنی مرضی کا فیصلہ اکثریت کے ساتھ حاصل کرنے کیلئے ایک متنازع بینچ تشکیل دیا۔