لاہور—پنجاب کی نگران حکومت نے تحریکِ انصاف کے صدر پرویز الہٰی کی رہائی کے احکامات جاری کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے متعلق یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ تحریکِ انصاف کے حامی ہیں اور اسی لیے وہ تحریکِ انصاف کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پنجاب حکومت کے آفیشل اکاؤنٹ سے یہ پیغام جاری کیا گیا ہے کہ غلام مرتضیٰ ورک ایک حساس نوعیت کے عہدہ پر فائز ہیں اور بطور جوڈیشل مجسٹریٹ ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے اہم مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر تحریکِ انصاف کی حمایت کرتے ہیں اور فیس بک پر ان کی سرگرمیاں تحریکِ انصاف کی جانب ان کے جھکاؤ کو ظاہر کرتی ہیں۔
ٹویٹر پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق تحریکِ انصاف کے راہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران انہیں ریلیف فراہم کرنے میں جلد بازی غلام مرتضیٰ ورک کی جانبداری کی عکاسی کرتی ہے، ایک جج کو عدالتی پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے کسی ذاتی یا سیاسی ایجنڈے پر کام نہیں کرنا چاہیے۔
گورنمنٹ آف پنجاب کے آفیشل اکاؤنٹ سے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے فیس بک اکاؤنٹ کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئیں ہیں جن میں وہ تحریکِ انصاف کی حمایت میں کی گئی پوسٹس کو شیئر کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔