اسلام آباد—نئے مالی سال (2023-24) کے بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 40 ارب روپے کا اضافہ کر کے 400 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اگلے مالی سال کے دوران اس مد میں 450 ارب روپے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس پروگرام کے تحت 93 لاکھ خاندانوں کو 8750 روہے فی سہ ماہی کے حساب سے بینظیر کفالت کیش ٹرانسفر کی سہولت میسر ہو گی جس کیلئے 346 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ افراطِ زر کی مماثلت سے اس میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔
بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کا دائرہ 60 لاکھ بچوں سے بڑھا کر 83 لاکھ تک کیا جائے گا اور ان میں بچیوں کی تعداد 52 فیصد ہو گی، اس ضمن میں 55 ارب سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ 92 ہزار طلباء کو بینظیر انڈر گریجویٹ سکالرشپ فراہم کرنے کیلئے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بینظیر نشوونما پروگرام تمام اضلاع میں جاری رہے گا، اس سے مستفید ہونے والے بچوں کی تعداد پڑھا کر 15 لاکھ کی گئی ہے جبکہ اس پروگرام کیلئے 32 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔