لاہور—تحریکِ انصاف کے راہنما اور قانون دان حامد خان نے گزشتہ روز ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو نااہل کرنے کا فیصلہ کہیں اور ہوا تھا، عدالتی فیصلہ بعد میں آیا جبکہ اس معاملہ میں عدلیہ کو صرف استعمال کیا گیا تھا۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کے قریبی ساتھی حامد خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ سمجھتے تھے کہ وہ عدلیہ کو ہینڈل کر لیں گے مگر معاملات نواز شریف کے ہاتھ سے نکل چکے تھے اور انہیں بعد میں احساس ہوا کہ ایسا نہیں ہو سکے گا، دراصل نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ کہیں اور ہو چکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نااہل کرنے کا فیصلہ عدالت کا نہیں تھا بلکہ کہیں اور سے آیا تھا، عدالت نے صرف پہلے سے لکھا ہوا فیصلہ سنایا تھا، عدلیہ کو نواز شریف کے خلاف استعمال کیا گیا۔
حامد خان نے سابق وزیراعظم عمران خان کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو لوگوں کی پہچان نہیں ہے، تحریکِ انصاف جہاز کے ذریعہ ہائی جیک ہو گئی اور جو جہاز سے آئے تھے انہیں واپسی کیلئے جہاز کی ضرورت نہیں پڑی۔