اسلام آباد—پاکستان تحریک انصاف جس نے امریکی سازش اور ایبسیلیوٹلی ناٹ کا نعرہ لگا کر بیانیہ بنایا اب اپنے ہی اس نعرے کے برخلاف امریکی اور مغربی سفارتکاروں سے مدد مانگتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف عمران خان کی جیل سے رہائی کیلئے مدد مانگ لی۔
دی نیشن میں شائع ہونیوالی خبر کیمطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رہائشگاہ پر امریکی سفیر ڈونلنڈ بلوم سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کیمطاق اس ملاقات میں امریکی سفیر، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی سکینلن، ناروے کے سفیر البرٹ آئسوس، اور یورپی یونین کی سفیر رینا کوئینکا بھی موجود تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں تحریک انصاف کے سینیٹرعلی ظفر بھی شاہ محمود قریشی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پرشاہ محمود قریشی کی جانب سے سفیروں کوعمران خان کو اٹک جیل میں رکھنے کے حالات کے بارے میں بریف کیا گیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کی ٹیم نے امریکی سفیر سے سائفر ایشو اور عمران خان کے خلاف مقدمہ کے اندراج پر بھی بات کی۔ تحریک انصاف کی ٹیم نے سفیروں پر زور دیا کہ وہ عمران خان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔