کراچی—سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 1242 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 46 ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکسچینج ہنڈرڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 1242 پوائنٹس کمی کے بعد 45002 پوائنٹس پر آ گیا، ایک موقع پر سٹاک ایکسچینج 45 ہزار پوائنٹس سے بھی نیچے چلا گیا تھا تاہم پھر ہنڈرڈ انڈیکس میں کچھ بہتری دیکھی گئی اور سٹاک ایکسچینج 45 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں مندی کے ساتھ ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ سامنے آیا، ڈالر اوپن مارکیٹ میں 3 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 323 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 1 روپیہ 9 پیسے اضافہ کے ساتھ 305 روپے 54 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے، گزشتہ روز انٹر مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 304 روپے 45 پیسے تھی۔
نگران سیٹ اپ آنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ بھی جاری ہے، معاشی ماہرین کے مطابق اس کی وجہ ملک میں سیاسی و معاشی بےیقینی کی کیفیت ہے۔