اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دیں۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
میاں نواز شریف عدالت میں موجود تھے جبکہ ان کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے دلائل دیئے، پراسیکیوٹر جنرل نیب بھی پراسیکیوشن ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ نیب کو نواز شریف کی سزا کی خلاف اپیلوں کی بحالی پر کوئی اعتراض نہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنا دیا گیا۔
عدالت نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں میاں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دیں جبکہ حفاظتی ضمانت کے متعلق عدالت کا کہنا تھا کہ اس بارے میں تحریری فیصلہ میں بتایا جائے گا۔