راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی لعنتی پروگرام تھا اور یہ جس نے بھی کیا غلط کیا، میں نے کبھی فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی، جنرل عاصم منیر سپہ سالار ہیں اور جنرل ندیم انجم ہماری عزت، آن اور شان ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی ذاتی ملکیت ہے، یہیں سے میرے والدین اور بھائیوں کے جنازے اٹھے ہیں، میرے ڈرائیور اور ملازمین کو گرفتار نہ کیا جائے کیونکہ ہم نے کبھی فوج کے خلاف کوئی بات نہیں کی، 5 اکتوبر کے کیس میں گرفتاری مطلوب ہے تو کال کریں، میں اسی وقت تھانے آ جاؤں گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میرا وزن 30 کلو کم ہو چکا ہے، آج کالج کوٹ پہنا ہوا ہے، دعا کریں کہ میری سرجری نہ ہو اور اگر میری سرجری ہوتی ہے تو مجھے سب معاف کر دیں، چِلے نے نیا شیخ رشید بنا دیا ہے، مجھے تہجد میں بھی گرم پانی دیا جاتا تھا، الیکشن لڑوں گا چاہے میں جیل میں بھی ہوا۔