اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ ن نے آئندہ برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے سینیٹر اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا چیئرمین مقرر کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر مسلم لیگ نواز کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ جماعت کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔
اسحاق ڈار پاکستان کی مجلسِ شوریٰ میں ایوانِ بالا کے رکن ہیں، وہ مسلم لیگ نواز کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کے دو ادوار میں وزیرِ خزانہ رہ چکے ہیں، اسحاق ڈار شہباز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں بھی وفاقی وزیرِ خزانہ کے طور پر کام کر چکے ہیں.
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئندہ برس 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کا حکم جاری کیا تھا، عدالتِ عظمیٰ نے حکم جاری کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صدرِ پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ تاریخ پر کسی تعطل کے بغیر عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔