لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — بابر اعظم نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہے ہیں۔
بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ بہت مشکل فیصلہ تھا مگر اس فیصلہ کیلئے یہ وقت مناسب ہے، میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہو رہا ہوں۔
بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، اپنے تجربہ کی بنیاد پر نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے تیار ہوں جبکہ بابر اعظم نے 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو ٹیسٹ فارمیٹ (ریڈ بال کرکٹ) میں کپتان برقرار رہنے کی آفر کی گئی تھی تاہم بابر اعظم نے اہلِ خانہ سے مشاورت کے بعد تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔