اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا گھر برباد کر دیا، میں سمجھتا تھا کہ پیر اور مرید کا مقدس رشتہ ہے مگر انہوں نے شادی کر لی۔
خاور مانیکا نے تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ بشریٰ کی بہن مریم وٹو نے اسلام آباد میں عمران خان کے دھرنوں کے دوران بشریٰ اور عمران خان کی ملاقات کرائی، پھر اسلام آباد میں بشریٰ اور عمران خان کی ملاقاتیں شروع ہو گئیں، رات کے وقت دونوں کی فون پر لمبی لمبی باتیں ہونے لگیں، فرح گوگی نے عمران خان کے کہنے پر انہیں خفیہ نمبر فراہم کیا۔
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کا کہنا تھا کہ بنی گالا میں میرا اپنا گھر تھا اور بشریٰ مجھے بتائے بغیر وہاں سے عمران خان کے گھر چلی جاتی تھی، عمران خان میری مرضی اور اجازت کے بغیر میرے گھر آتا تھا اور گھنٹوں تک ملاقات جاری رہتی تھی، میری والدہ کہتی تھیں کہ عمران اچھا آدمی نہیں ہے اس کو گھر میں نہ آنے دیا کرو، ایک بار عمران میرے گھر آیا تو میں نے نوکر کی مدد سے اس کو گھر سے نکلوا دیا۔
خاور مانیکا نے کہا ہے کہ شادی سے 6 ماہ قبل بشریٰ مجھ سے علیحدہ ہو کر اپنے میکے پاکپتن چلی گئی، میں وہاں گیا اور اس کو ساتھ چلنے کا کہا تو اس نے کہا کہ میاں صاحب ابھی نہیں، پھر ایک دن مجھے فرح گوگی نے موبائل پر پیغام بھیجا کہ پنکی کو طلاق دے دیں، میں بشریٰ کے پاس گیا اور اس سے پوچھا کہ کیا تم طلاق چاہتی ہو؟ اس نے سر جھکا لیا اور کوئی جواب نہ دیا۔
خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ میں نے 14 نومبر 2017 کو فرح گوگی کے ہاتھ طلاق نامہ بشریٰ کو بھجوایا، بعد میں فرح گوگی نے فون کر کے کہا کہ طلاق کی تاریخ تبدیل کر دیں، طلاق کے ڈیڑھ ماہ کے بعد ہی بشریٰ نے عمران خان سے شادی کر لی، عون چوہدری کی بات درست ہے کہ بشریٰ بی بی نے عدت مکمل ہونے سے پہلے ہی عمران خان سے شادی کر لی۔
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر نے کہا کہ زلفی بخاری اور فرح گوگی کے فون آئے اور دھمکی دی کہ خاموش رہیں کیونکہ عمران خان نے وزیراعظم بننا ہے، اس کے بعد اور کئی جانب سے بھی تھریٹ کیا گیا، ہماری شادی 28 سال چلی، ہماری بہت خوشگوار زندگی تھی لیکن عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں ہمارا گھر اجاڑ دیا، بشریٰ 5 بچوں اور گھر چھوڑ کر چلی گئی۔
خاور مانیکا نے کہا کہ بشریٰ ہمارے گھر کو توڑ کر گئی، میری سب سے چھوٹی بیٹی اس وقت صرف 8 برس کی تھی اور وہ آج بھی رات کو سوتے وقت تکیہ پر سر رکھ کر رو رہی ہوتی ہے، میں جانتا ہوں کہ وہ کیوں روتی ہے، عمران خان ایک بےحس شخص ہے جس نے پیری مریدی کی آڑ میں میرے گھر اور خاندان کی عزت کو تباہ کر دیا۔