روالپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے سینئر نائب صدر اور کور کمیٹی کے رکن شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان تحریکِ انصاف کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہو گئے ہیں اور وہ انٹرا پارٹی انتخابات میں تحریکِ انصاف کی چیئرمین شپ کے امیدوار بھی نہیں ہوں گے۔
عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کے مطابق جیل میں قید عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث پارٹی کی کور کمیٹی کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ وہ تحریکِ انصاف کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہو رہے ہیں جبکہ وہ آئندہ انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین بننے کیلئے امیدوار بھی نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے تحت تحریکِ انصاف کی جانب سے آئندہ جمعہ کو انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کیا گیا ہے تاہم شیر افضل مروت نے تصدیق کی ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں عمران خان کی بجائے کسی اور کو چیئرمین شپ کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔
عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی چیئرمین شپ کیلئے نئے امیدوار کے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم نئے امیدوار کے نام کا اعلان عمران خان ہی کریں گے۔