کوئٹہ (تھرسڈے ٹائمز) — پیپلز پارٹی کے 56ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں بلکہ میں کروں گا، پیپلز پارٹی کے پاس پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر نئی طرز کی سیاست متعارف کروائی، پاکستان کو آئین دیا، ایٹمی قوت بنایا اور پوری دنیا کو دکھایا کہ پاکستان کا اصل چہرہ بھٹو ہے، جب بینظیر بھٹو نے سیاست کا اغاز کیا تو اُس وقت ملک میں آمریت تھی، انہوں نے دو آمروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سیاست کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے صدارت کا عہدہ سنبھال کر نفرت، تقسیم اور انتقام کی سیاست کو ختم کیا اور سب کو ساتھ ملا کر ملک و قوم کی خدمت کی، آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم منظور کروا کر 1973 کے آئین کو اپنی اصل شکل میں بحال کرایا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے آغازِ حقوقِ بلوچستان پروگرام شروع کر کے بلوچستان کو حق دلوایا، این ایف سی ایوارڈ دلوائے اور گوادر پورٹ جیسے منصوبے دیئے، آصف علی زرداری نے بطور صدر میڈیا کی جانب سے اپنی کردار کشی برداشت کی، کبھی کوئی کالا کوٹ پہن کر کورٹ جاتا تھا تو کوئی یوتھ کا نمائندہ بن کر سامنے آتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی سوچ اور ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نئی طرز کی سیاست شروع کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام اِس مہنگائی کا مقابلہ کر سکیں، پیپلز پارٹی کے منشور اور نظریہ میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، نوجوان تقسیم، نفرت اور انتقام جیسی سیاست کو دفن کریں۔
سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی حالات پہلے کبھی اتنے برے نہیں تھے جتنے آج ہیں، آج پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام پِس رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ ایسے حالات میں پسماندہ طبقے اور غریبوں کا خیال رکھتی ہے، باقی تمام جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں اور پیپلز پارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت ہے، آج کل لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی چارٹر آف اکانومی لائے گی، پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاستدان نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی پیپلز پارٹی کے مخالف ہیں، حکومت میں آنے کے بعد ہم نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ پروگرام شروع کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کا جیالا وزیرِ اعلٰی بنے گا، بلوچستان کے عوام نے آمریت کے خلاف جو جدوجہد کی ہے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، بلوچستان غیرت مندوں اور بہادروں کا صوبہ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو پاک ایران گیس پائپ لائن سے خود آپ کو گیس پہنچاؤں گا، میں سب سے بڑا ہاسپٹل بنا کر مفت علاج کی سہولت کا آغاز کوئٹہ سے کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی مسلم لیگ نواز تو کبھی تحریکِ انصاف 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کا نعرہ لگاتی ہے، سب کو معلوم ہے کہ یہ سیاست کے شوباز ہیں، نون لیگ اصل میں مہنگائی لیگ ہے، ہم بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعہ مزدوروں تک ان کا حق پہنچائیں گے، کسان کارڈ بنا کر کسانوں کو خوشحال بنائیں گے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر چلائیں گے۔