لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — استحکامِ پاکستان پارٹی کے ترجمان عون چوہدری نے عمران خان کے بشریٰ بی بی کے متعلق بیان کو رواں صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دے دیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے آج جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ میں نے پہلی بار بشریٰ بی بی کی شکل نکاح کے دن دیکھی تھی۔
عون چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے قبل نہ دیکھنے کا دعویٰ اکیسویں صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، اللّٰه کا شکر ہے کہ میں نے عمران خان کو وقت پر ہی چھوڑ دیا، ملک میں شر پھیلانے والے کے خلاف آواز بلند کرنا پاکستان سے وفا کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خود کو قوم کا لیڈر کہنے والا شخص اس طرح جھوٹ بولے تو میرا فرض ہے کہ سچ سامنے لاؤں، عمران خان اور بشریٰ بی بی نکاح سے قبل ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ملے اور ان کی ملاقاتیں گھنٹوں تک جاری رہتی تھیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درجنوں ملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا۔
عون چوہدری نے دعویٰ کیا کہ میں خود عمران خان کو بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے لے کر جاتا رہا، بشریٰ بی بی حلف دے دیں کہ انہوں نے نکاح سے قبل عمران خان کو چہرہ نہیں دکھایا، پرانے تعلقات کا لحاظ رکھ رہا ہوں ورنہ ایسے راز بھی کھول سکتا ہوں کہ عمران خان کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے اور اس کا گند پوری دنیا کے سامنے آ جائے۔
تحریکِ انصاف کے نو منتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین بنانا بھی عمران خان کے اندر کے خوف کی عکاسی کرتا ہے، عمران خان کسی بھی اہل شخص کو پارٹی میں کوئی مقام دینا ہی نہیں چاہتے۔