اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کا 5 رکنی لارجر بینچ جج شوکت عزیز صدیقی کی درخواست پر 14 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں شوکت عزیز صدیقی کی درخواست پر سماعت کرنے والے 5 رکنی لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت خان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر جج شوکت عزیز صدیقی نے 21 جولائی 2018 کو راولپنڈی بار میں خطاب کے دوران حساس اداروں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی مخالفت اور عدالتی کام میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انہیں 11 اکتوبر 2018 کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے عہدے سے ہٹائے جانے کے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کر رکھی تھی۔