ڈیرہ اسماعیل خان (تھرسڈے ٹائمز) — سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ اس دوران پاک فوج کے 23 جوان بھی شہید ہو گئے ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی رات ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درازندہ میں انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران 17 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔
بین الخدماتی تعلقاتِ عامہ کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کلاچی میں کیے گئے آپریشن میں تمام 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلہ میں فوج کے 2 بہادر جوان شہید ہو گئے، بعدازاں دہشتگردوں نے خودکش حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں عمارت گر گئی اور متعدد اموات ہوئیں جبکہ اس دوران 23 بہادر سپاہی شہید ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور بےگناہ شہریوں کے قتل میں سرگرم تھے جبکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق علاقہ میں موجود دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں جبکہ بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔