اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سرکاری ذرائع کے مطابق ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان حدود میں میزائل حملے کیے ہیں جن کے نتیجہ میں دو بچے شہید ہو گئے ہیں جبکہ تین بچیاں زخمی ہوئی ہیں۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اس حوالہ سے پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں پاکستان کی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر شدید مذمت کی گئی ہے اور اس کو پاکستان کی خودمختاری پر ایسا ناقابلِ قبول حملہ قرار دیا گیا ہے جس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
🔊: PR NO. 1️⃣5️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣4️⃣
Pakistan’s Strong Condemnation of the Unprovoked Violation of its Air Space
🔗⬇️https://t.co/TAWRqC7qMy pic.twitter.com/oqi3tvAOso
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) January 16, 2024
وزارتِ خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، اس حملے کے نتیجہ میں دو معصوم بچے شہید جبکہ دو بچیاں زخمی ہوئی ہیں، یہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے جو ناقابلِ قبول ہے جبکہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور ایران کے مابین روابط کے متعدد ذرائع کے باوجود ایران کی جانب سے ایسا غیر قانونی عمل بہت زیادہ تشویشناک ہے، پاکستان کی جانب سے تہران میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے متعلقہ سینئر عہدیداروں کے پاس سخت احتجاج درج کرایا جا چکا ہے، پاکستان کی خودمختاری کی اس صریح خلاف ورزی پر شدید مذمت کیلئے ایرانی ناظم الامور کو وزارتِ خارجہ میں طلب بھی کیا گیا ہے جبکہ اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری ایران پر عائد ہو گی۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کو خطے کے تمام ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ قرار دیا ہے جس کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے، ایران کی جانب سے ایسی یکطرفہ کاروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں جبکہ یہ دو طرفہ باہمی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔