حافظ آباد — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام 8 فروری کو 28 مئی والوں کو ووٹ دے کر پاکستان کو نواز دیں، میں نے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو آپ کے پاس واپس لاؤں گی اور آج نواز شریف آپ کے ساتھ موجود ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں آج پہلی بار حافظ آباد آئی ہوں اور جلسہ گاہ کے یہ مناظر دیکھ کر بہت زیادہ خوشی محسوس کر رہی ہوں، میں میاں صاحب کے بعد بات نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ مجھے یہ گستاخی لگتی ہے لیکن اب میاں صاحب کا یہ حکم ہے کہ میں بھی آپ سے بات کروں۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو آپ کے پاس واپس لاؤں گی اور میں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے جبکہ یہ عوام کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا، نواز شریف نے کہا تھا کہ ہم 9 مئی والے لوگ نہیں ہیں بلکہ ہم 28 مئی والے لوگ ہیں، پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے نواز شریف آج ہمارے ساتھ موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حافظ آباد 28 مئی والوں کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ 28 مئی والے لوگ پاکستان کو سنوارنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے پاکستان پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ 28 مئی والے لوگ پاکستان میں سڑکوں کا جال بچھانے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے لوگ انھی سڑکوں پر چل کر ملک میں آگ لگانے والے اور ہمارے شہداء کی یادگاروں کو جلانے والے لوگ ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 28 مئی والوں نے پاکستان میں لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، نواز شریف نے 2013 سے 2018 تک گالیاں، دھرنے، سازشیں اور بدتمیزی برداشت کی لیکن پاکستان کی خدمت جاری رکھی، پاکستان میں 28 مئی والوں نے مہنگائی کو ختم کیا، لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑا اور پاکستان میں امن قائم کیا، آپ نے اس نواز شریف کا ساتھ دینا ہے جس نے آپ کو امن فراہم کیا اور آپ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف وطن واپس آ کر اب صرف اسی فکر میں رہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو ریلیف کیسے فراہم کرنا ہے، پاکستان کے غریب افراد کیلئے روٹی کیسے سستی کرنی ہے، بجلی کیسے سستی کرنی ہے، مہنگائی کو کیسے ختم کرنا ہے اور کیسے لوگوں کو صحت و تعلیم کی سہولیات فراہم کرنی ہیں، نواز شریف پاکستان کو مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے فکرمند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں جو شخص آپ کو پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے اور دفاعی تنصیبات پر حملے کی ترغیب دیتا ہے وہ کبھی آپ کا ہمدرد نہیں ہو سکتا، جو شخص آپ کو بدتمیزی کرنے، لوگوں کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کا سبق دیتا پے وہ کبھی آپ کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا، آپ نے 8 فروری کے الیکشن میں 9 مئی والوں کو شکست دینی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر شہر میں ایک سٹیٹ آف دی ارٹ ہاسپٹل بنے، سکولز بنائے جائیں، کالجز اور یونیورسٹیز بنائی جائیں، ہماری کوشش ہے کہ 200 یونٹس تک بجلی مفت ہو سکے، ہم صحت و تعلیم کی سہولیات آپ کے گھروں تک پہنچا سکیں، ہم نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکیں، آپ نے کسی فتنہ کی خواہش کے مطابق غلط راہ پر چلتے ہوئے جیل میں اپنی زندگیاں خراب نہیں کرنی ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالٰی نواز شریف کو سلامت رکھے، انشاءاللّٰه 8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑے گا، ایک بار پھر نواز شریف کو ووٹ دے کر پاکستان کو نواز دو۔