خانیوال (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو بار بار اقتدار سے نکالا گیا لیکن نواز شریف نے کوئی جھوٹا سائفر لہرا کر قوم کو گمراہ نہیں کیا اور نہ ہی نواز شریف نے ریاست پر حملے کرائے، نواز شریف کے سینے میں کئی قومی راز دفن ہیں لیکن نواز شریف انہیں زبان پر نہیں لایا۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللّٰه تعالٰی کے فضل سے نواز شریف واپس آ گئے ہیں، خانیوال کی قیادت مشکل وقت میں میدان چھوڑ کر نہیں بھاگی بلکہ ڈٹ کر قائد کے ساتھ کھڑی رہی، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن شیر وہ ہوتا ہے جو میدان چھوڑ کر نہ بھاگے، آپ لوگوں نے جس طرح مشکل وقت کا سامنا اور ڈٹ کر کھڑے رہے اس پر آپ سب کو سلام ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ مخالفین کہہ رہے تھے کہ اتنی مہنگائی ہے کہ لوگ مسلم لیگ (ن) کیلئے نہیں نکلیں گے، اب وہ آنکھیں کھول کر دیکھ لیں، پہلے اوکاڑہ پھر حافظ آباد اور اب خانیوال جلسہ میں عوام کا جمِ غفیر گواہی دے رہا ہے کہ مہنگائی کہ ذمہ دار مسلم لیگ (ن) نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 برس کے دوران مریم نواز شریف کا بیگ ہر وقت تیار رہتا تھا کہ ابھی گرفتار کریں گے اور جیل لے جائیں گے لیکن اللّٰه کے فضل سے میں میدان چھوڑ کر نہیں بھاگی، مجھے میرے والد کے سامنے گرفتار کیا گیا اور پھر میری والدہ کی وفات کی خبر اڈیالہ جیل میں ملی لیکن میں ان حالات میں گھبرائی نہیں، مریم نواز شریف نے اپنے والد کا سر نہیں جھکنے دیا اور نہ ہی اپنی قوم کا سر جھکنے دیا۔
مریم نواز شریف نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلم لیگی نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مشکلات کا مقابلہ کیا لیکن کوئی نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا نہ ہی پریس کانفرنسز کی لائنیں لگیں، یہ جو لیول پلیئنگ فیلڈ مانگتے ہیں ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ آؤ پہلے مقابلہ تو کرو، میدان چھوڑ کر بھاگتے کیوں ہو؟
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیا انتقام اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا الزام لگانے والوں کو نواز شریف نے کہا تھا کہ جھوٹا سائفر لہراؤ اور قوم کو گمراہ کرو؟ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ریاست پر حملے کر دو؟ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کو جلا دو؟ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ پولیس پر پیٹرول بم پھینکو؟ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر جعلی انتخابات کراؤ؟ یہ سب تم نے خود کیا ہے
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کو بار بار اقتدار سے نکالا گیا، نواز شریف کو 2017 میں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر اقتدار سے نکالا گیا لیکن نواز شریف نے کوئی جھوٹا سائفر لہرا کر قوم کو گمراہ نہیں کیا اور نہ ہی نواز شریف نے ریاست پر حملے کرائے، نواز شریف کے سینے میں کئی قومی راز دفن ہیں لیکن نواز شریف انہیں زبان پر نہیں لایا، نواز شریف نے کبھی اپنے لوگوں کو ریاست پر حملے کا درس نہیں دیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی مائی کا لال یہ نہیں کہہ سکتا کہ نواز شریف کبھی ملکی سلامتی کے ساتھ کھیلا ہے یا کبھی نواز شریف نے اپنے لوگوں سے ریاست پر حملے کرائے ہیں، نواز شریف کو اس کی عوامی طاقت کی سزا دی گئی، نواز شریف کو عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی گئی، نواز شریف نے آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا کہ میں اپنا معاملہ اللّٰه پر چھوڑتا ہوں، آج نواز شریف کسی سے انتقام نہیں لے رہا بلکہ جب انسان اپنے معاملات اللّٰه پر چھوڑتا ہے تو پھر اللّٰه تعالٰی مدد فرماتا ہے۔
انہوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اب اپنی مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں، یہ چوری اور جعل سازی کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہمیں سزا کیوں ملی، کیا ان کے گلے میں ہار پہنائے جائیں؟ تمہارے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں اور تم نے خود اپنی جماعت کو ختم کیا ہے، تم نے نوجوانوں کو ریاست پر حملے کرنے کی ترغیب دی۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہیں اپنے ہاتھوں میں پیٹرول بم چاہیے یا لیپ ٹاپس چاہئیں، آپ کو باعزت روزگار چاہیے یا کیل لگے ہوئے ڈنڈے چاہئیں؟ آپ کو وہ نواز شریف چاہیے جو عوام کیلئے تعلیم، روزگار اور مستقبل کیلئے محنت کرتا ہے یا وہ شخص چاہیے جس کے اپنے بچے باہر بیٹھے ہیں اور یہاں قوم کے بچوں کو پیٹرول بم اور ڈنڈے پکڑا کر جیلوں میں پہنچا دیا ہے؟
مریم نواز شریف نے سوالات اٹھائے کہ خانیوال لودھراں روڈ کس نے بنایا تھا؟ موٹروے کس نے بنائی؟ میٹرو بس کس نے بنائی؟ اورنج لائن کس نے بنائی؟ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کون لایا؟ دہشتگردی کس نے ختم کی؟ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کس نے کیا؟ دو روپے کی روٹی کس کے دورِ حکومت میں تھی؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سب کام نواز شریف نے کیے تھے تو پھر ووٹ بھی صرف نواز شریف کو ہی ملنا چاہیے، صرف نواز شریف نے پاکستان کو بنایا اور سنوارا ہے جبکہ باقی سب نے ملک کو بگاڑا ہے، نواز شریف صرف حکومت کے حصول کیلئے ووٹ نہیں چاہتا بلکہ ایک مضبوط حکومت چاہتا ہے تاکہ مہنگائی کو ختم کیا جا سکے، تاکہ غریب کا چولہا جل سکے، تاکہ آٹا سستا کیا جا سکے، تاکہ روٹی اور چینی کو سستا کیا جا سکے اور تاکہ سستی بجلی و گیس فراہم کی جا سکے۔
مریم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے بیانیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ترقی و خوشحالی اور وہ منصوبے ہیں جو خیبر سے کراچی تک، کراچی سے لاہور تک اور لاہور سے کوئٹہ تک نظر آتے ہیں، یہ ترقی و خوشحالی نواز شریف کی خدمت کی علامتیں ہیں اور یہی نواز شریف کا بیانیہ ہیں، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا ضامن نواز شریف ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو سب نکلیں اور شیر پر ٹھپہ لگائیں کیونکہ انشاءاللّٰه شیر پر ٹھپہ پاکستان کی ترقی پر ٹھپہ ہے، شیر پر ٹھپہ پاکستان کی خوشحالی پر ٹھپہ ہے، شیر پر ٹھپہ پاکستان کی کامیابی اور کامرانی پر ٹھپہ ہے، نواز شریف کو ووٹ دے کر پاکستان کو نواز دو۔