مانسہرہ (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دس برس میں خیبرپختونخوا کو تباہ کر دیا گیا، خیبرپختونخوا کے عوام خود پر رحم کھائیں اور اگلے پانچ برس ان کیلئے تباہ نہ کریں جو دس برس میں یہاں کوئی کام نہ کر سکے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف خیبرپختونخوا اور مانسہرہ سے محبت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف نے 10 برس کے بعد الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تو مانسہرہ کا انتخاب کیا، نواز شریف کی محبت کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ نواز شریف نے کیپٹن صفدر کو آپ کی خدمت کیلئے وقف کر دیا ہے، اللّٰه گواہ ہے کہ کیپٹن صفدر نے آپ کی خدمت کیلئے دن رات محنت کی ہے، کیپٹن صفدر ہمیشہ اس علاقہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوششوں میں مصروف رہتے ہیں۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پاکستان کوئی تجربہ گاہ نہیں کہ کوئی آئے اور صوبہ کو تباہ کر کے چلا جائے، یہ جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے، بلین ٹری سونامی کے نام پر صوبہ کو تباہ کر دیا گیا، جو کچھ درخت لگائے وہ بھی اکھاڑ لیے گئے، رشوت کا بازار گرم رہا، تحریکِ انصاف حکومت دس سالوں میں پانچ سڑکیں نہ بنا سکی، کوئی سپیڈو بس یا گرین لائن نہ بنائی جا سکی، کوئی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسا ہاسپٹل یا کوئی دانش سکول جیسا سکول ہی بنایا ہو تو دکھا دو۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں میٹرو بس بنائی گئی تو اتنی مہنگی بنائی گئی کہ اتنی قیمت میں شہباز شریف نے پانچ میٹرو بسز بنائی تھی، تحریکِ انصاف سے خیبرپختونخوا میں لگائے گئے کوئی پانچ منصوبے پوچھے جائیں تو یہ پروگرام سے اٹھ کر بھاگ جاتے ہیں، گزشتہ دس سالوں میں اگر واقعی خیبرپختونخوا کسی منصوبے کا نام لے سکتا ہے تو وہ صرف ہزارہ موٹروے ہے جو میاں نواز شریف نے بنوائی، تحریکِ انصاف حکومت نے یہاں کوئی ایک سرکاری سکول تک نہیں بنایا، تعلیم و صحت کے شعبوں میں کچھ بھی نہیں کیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مانسہرہ کے لوگ غیرت مند لوگ ہیں، یہ صوبہ ماؤں بہنوں بیٹیوں کی عزت کرنے والا صوبہ ہے، کیا یہ ہمارا کلچر ہے کہ جلسوں میں کھڑے ہو کر خواتین پر آوازے کسے جائیں؟ لوگوں کے اعمال ان کی قبر تک ان کا پیچھا کرتے ہیں، معاشرے کو تباہ کرنے والے اپنی سزا بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو پیغام دیا کہ خیبرپختونخوا والے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اور سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، خود پر رحم کھائیں اور خیبرپختونخوا پر رحم کھائیں، پھر سے اگلے پانچ برس ان کیلئے ضائع مت کریں جنہوں نے دس سال تباہ کر دیئے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اچھی تعلیم و صحت کی سہولیات، اچھی ٹرانسپورٹ، اچھی ریلوے لائن، اچھی اورنج لائن، اچھی سپیڈو بس، اچھی گرین لائن اور اچھے کالجز اور یونیورسٹیز خیبرپختونخوا کا حق ہیں، مانسہرہ نے آج 22 جنوری کو 8 فروری کا فیصلہ سنا دیا ہے، انشاءاللّٰه 8 فروری کو نواز شریف کی فتح ہو گی۔