لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اپنے انتخابی حلقہ این اے 119 میں انتخابی دفتر کا افتتاح کیا ہے جبکہ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں مجھے صرف اس لیے نااہل قرار دیا گیا کیونکہ میں اپنے والد نواز شریف کے ساتھ کھڑی تھی، میں نے بہرحال اپنے والد کا ساتھ دینا تھا چاہے میری جان ہی کیوں نہ چلی جاتی۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ جتنی بھی جماعتیں ہیں وہ بےجا تنقید اور جھوٹے الزامات لگا کر ووٹ مانگ رہی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جو تنقید نہیں کرتی بلکہ صرف اپنی خدمات اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتی ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کے منصوبے اتنے زیادہ ہیں کہ تقاریر ختم ہو جاتی ہیں لیکن منصوبے ختم نہیں ہوں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ کچھ جماعتیں ایسی بھی ہیں جو آج کل پنجاب میں آئی ہوئی ہیں اور یہاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ووٹ مانگ رہی ہیں جبکہ ایک صوبہ میں وہ 15 برس حکمرانی کرتی رہیں ہیں لیکن ان کے پاس اس صوبہ کے حوالہ سے دکھانے کیلئے کوئی کارکردگی نہیں ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک شخص پنجاب میں آ کر کہہ رہا ہے کہ نواز شریف نے منشور پیش نہیں کیا، اس شخص کو کوئی بتائے کہ نواز شریف کا منشور نواز شریف کے لگائے ہوئے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس ہیں، نواز شریف کا منشور یہ اورنج لائن ٹرین، یہ انڈر پاسز، یہ اوور ہیڈ برج، یہ میٹرو بس، یہ بجلی کے کارخانے اور یہ موٹرویز ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف صرف کاغذ پر منشور لکھ کر لہراتا نہیں ہے بلکہ جو منشور دیتا ہے اس پر عمل بھی کرتا ہے، نواز شریف آج کل صرف ایک چیز پر کام کر رہے ہیں اور وہ یہ ہے کہ اگر اللّٰه تعالٰی کے فضل و کرم سے عوام نے منتخب کیا تو عوام کے مسائل کیسے حل کرنے ہیں اور سب سے بڑھ کر بجلی کو کیسے سستا کرنا ہے اور لوگوں کو کیسے مہنگائی سے نجات دلانی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر نے کہا ہے کہ میں اس والد کی بیٹی ہوں جس نے دن رات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کیا، میں اس چچا کی بھتیجی ہوں جس نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی خدمت کی، مجھے احساس ہے کہ میرے کندھوں پر کتنی بڑی ذمہ داری ہے، مجھے احساس ہے کہ میں نے دن رات آپ کی خدمت کرنی ہے، میں وہ امیدوار ہوں جو جانتی ہے کہ اس حلقہ میں عوام کے کیا مسائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کا ووٹ اس دھرتی کی امانت ہے اس لیے آپ کو اللّٰه کا واسطہ ہے کہ ووٹ سوچ سمجھ کر کاسٹ کرنا کیونکہ اس ووٹ نے آپ کی نسلوں کی ترقی و خوشحالی کا فیصلہ کرنا ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ میں یہاں ایک ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر ووٹ مانگوں لیکن مجھے آپ کی خاطر نواز شریف کے ساتھ جلسوں میں بھی شرکت کرنی ہے اور پورے ملک میں الیکشن مہم بھی چلانی ہے۔