فیصل آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جھوٹے دعوے نہیں کرتے، ہم کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے، ہم سچی اور کھری باتیں کرتے ہیں اور ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، انشاءاللّٰه ہم اپنا ہر وعدہ پورا کریں گے۔
میاں نواز شریف نے اپنے خطاب کا آغاز کیا تو شرکاء نے “میاں صاحب آئی لو یو” کے نعرے شروع کر دیئے جس پر میاں نواز شریف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں بھی آپ سے بہت زیادہ محبت کرتا ہوں، میں آپ کی محبت اور خلوص پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، آج جیسا جذبہ اور جوش و خروش شاید میں نے پہلے فیصل آباد میں کبھی نہیں دیکھا۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ فیصل آباد میں طلال چوہدری جیسا شخص موجود ہے جس کی وفا بےمثال ہے، یہاں چوہدری شیر علی اور رانا ثناء اللّٰہ جیسے لوگ بھی ہیں جو ہمارے بہترین دوست ہیں، فیصل آباد میں صرف میٹرو بس نہیں بلکہ اورنج لائن ٹرین بھی ہونی چاہیے، یہاں ہر شخص کے پاس باعزت روزگار ہونا چاہیے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے نے لوگوں کو بےروزگاری کے سوا کچھ نہ دیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا بھی جانتے ہیں، ہم نے فیصل آباد کے دو جانب موٹرویز بنائیں، فیصل آباد کے دائیں اور بائیں موٹرویز ہیں اور اب انشاءاللّٰه دو مزید موٹرویز گزریں گی، اب ایک موٹروے آگے اور ایک پیچھے بھی ہو گی، ہم جھوٹے دعوے نہیں کرتے، ہم تبدیلی اور ایک کروڑ نوکریوں جیسے کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے، ہم سچی اور کھری باتیں کرتے ہیں اور ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں، انشاءاللّٰه ہم اپنا ہر وعدہ پورا کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انشاءاللّٰه وہ وقت واپس آئے گا جب روٹی چار روپے کی تھی، چینی پچاس روپے کلو تھی، سبزیاں دس دس روپے فی کلو ملتی تھیں، دالیں سستی تھیں، آٹا سستا تھا، سونا سستا تھا اور سونا 50 ہزار روپے فی تولہ تھا، لوگ دھرنے دے رہے تھے اور ہم لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کر رہے تھے، اگر وہ سلسلہ جاری رہتا تو آج پاکستان میں کوئی بھی شخص بےروزگار نہ ہوتا۔