اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان تحریکِ انصاف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے انتخابی نتائج کے معاملات میں مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے مدد مانگ لی ہے، تحریکِ انصاف نے جیلوں میں قید پارٹی راہنماؤں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے راہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے انتخابی نتائج کے معاملات میں مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کے عوام نے عمران خان کے حق میں مینڈیٹ دیا ہے مگر کچھ عناصر عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے اور انتخابی نتائج میں دھاندلی کی کوششیں کر رہے ہیں۔
شہباز گل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کچھ عناصر انتخابی دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کو دبانے کیلئے مسلح افواج کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری آرمی چیف سے درخواست ہے کہ وہ ایسے معاملات پر ایکشن لیتے ہوئے مسلح افواج کو پاکستان کے عوام کے خلاف استعمال کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز تحریکِ انصاف کے راہنما اور عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے عام انتخابات سے متعلق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بیان کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف نے زخموں پر مرہم رکھنے کی بات ہے تو ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور تحریکِ انصاف کے سیاسی قیدیوں کو رہائی ملنی چاہیے۔