لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — قومی اسمبلی کی نشستوں پر آزاد حیثیت سے منتخب ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے اراکین کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
تازہ ترین تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 121 سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے وسیم قادر نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے ملاقات کے دوران باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے، وسیم قادر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ان کا گھر ہے اور وہ اپنے گھر واپس آئے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے راجہ خرم نواز، بلوچستان کے شہر سبی کے حلقہ این اے 253 سے میاں محمد خان بگٹی، راولپنڈی کے حلقہ این اے 54 سے بیرسٹر عقیل ملک، راجن پور کے حلقہ این اے 189 سے شمشیر مزاری اور خانیوال کے حلقہ این اے 146 سے ظہور حسین آزاد حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔
آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے 6 اراکین کی شمولیت کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی مجموعی تعداد 81 ہو چکی ہے جبکہ توقع کی جا رہی ہے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے کچھ دیگر اراکین بھی جلد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔