بیجنگ (تھرسڈے ٹائمز) — چینی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے عام انتخابات کے مستحکم اور ہموار انعقاد پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں مل کر وفاق میں حکومت سازی کیلئے کام کریں گی۔
چینی وزارتِ خارجہ کے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ڈائریکٹر “ماؤ ننگ” نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان میں عام انتخابات کے حوالہ سے یہ نوٹ کیا ہے کہ انتخابات مستحکم اور ہموار طریقہ کار سے منعقد کیے گئے ہیں جس پر ہم پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ایک قریبی اور دوست ہمسایہ کی حیثیت سے چین پاکستانی عوام کے انتخاب کا مکمل احترام کرتا ہے اور پوری امید کرتا ہے کہ پاکستان میں متعلقہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے بعد سیاسی یکجہتی اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کریں گی۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان بہرصورت سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرز ہیں اور چین جدید دور کے تقاضوں کے مطابق دونوں ممالک کے عوام کے وسیع تر مفاد کیلئے اس روایتی دوستی کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید گہرا بنانے اور پاک چین کمیونٹی میں مزید قربت قائم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔