لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے گا، سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے تحفظ کیلئے فول پروف سیکورٹی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں جمعۃ الوداع کے حوالہ سے ملک وقوم کی سلامتی اور امن و ترقی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم شہداء کے بہادر اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آرمی پبلک سکول سانحہ کے بعد تشکیل پانے والے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، ہم نے نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں۔
محترمہ مریم نواز شریف نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، پاکستان میں سیاسی فاشزم بھی دہشتگردی کی شکل اختیار کر رہا ہے جبکہ 9 مئی کو سیاسی دہشتگردی کے نتائج دنیا بھر نے دیکھے ہیں، پاکستان میں جو کام کالعدم ٹی ٹی پی نہ کر سکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں سیاست کے میدان میں بہت بُرے حالات سے گزری ہوں، مجھے بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر ایک سیاستدان کی حیثیت سے مجھے کبھی 9 مئی جیسے حملوں کا خیال تک نہیں آیا کیونکہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو پھر ہر چیز پس منظر میں چلی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، معیشت کی بحالی اور قومی خوشحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے، دہشتگردی اور سمگلنگ روکنے کیلئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم دہشتگردوں اور سمگلرز کیلئے راستے کھلے نہیں رکھ سکتے۔
سوشل میڈیا کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے محترمہ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ نوجوان نسل کا برین واش کیا جا رہا ہے جس کا سدّباب ناگزیر ہے، سوشل میڈیا پر ملک و قوم کے مفادات کے تحفظ کیلئے بِل جلد پیش کیا جائے گا۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمہ کیلئے سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹس بنا رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کے استعمال، بہترین ٹریننگ، جدید اسلحہ اور انٹیلیجینس نظام کو مزید اپ گریڈ کرنا ہو گا، دہشتگردی کے سدّباب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اشد ضروری ہے۔