اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان تحریکِ انصاف کے راہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت گِرانے میں سعودی عرب اور امریکہ ملوث تھے، یہی سعودی عرب اور امریکہ دو ممالک تھے جن کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن مکمل ہوا تھا۔
تحریکِ انصاف کے راہنما اور سنی اتحاد کونسل کے رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے ایک نجی نیوز چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ عمران خان اور تحریکِ انصاف کی حکومت گِرانے میں ملوث تھے، یہی دو ممالک تھے جن کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن مکمل ہوا، یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ سعودی عرب رجیم چینج آپریشن میں شامل تھا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ آج جو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کر رہا ہے یہ سب اسی پلان کا حصہ ہے جس کے تحت عمران خان کو اقتدار سے نکالا گیا تھا، سعودی عرب امریکہ کا بغل بچہ بنا ہوا ہے، سعودی عرب کی حکومت امریکہ کے اشاروں پر عمل کرتی ہے، سعودی عرب نے رجیم چینج آپریشن میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
راہنما تحریکِ انصاف شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تک کسی نے یہ خبر پہنچا دی تھی کہ ایک کابینہ اجلاس کے دوران عمران خان نے ان کی میمکری (نقل) کی ہے، یہ بات بھی سعودی عرب کی جانب سے رجیم چینج آپریشن میں شامل ہونے کیلئے جواز بن گئی تھی، گزشتہ دو سالوں سے تحریکِ انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے کہ سب صرف اندرونی طاقتیں نہیں کر سکتی ہیں بلکہ اس کیلئے بین الاقوامی سطح پر پلاننگ کی گئی ہے۔