اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا ہے، حکمراں جماعت نے قومی اسمبلی کی 2 جبکہ پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد آج قومی اسمبلی کی 5 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) فتح یاب ہوئی ہے۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے علی پرویز ملک جبکہ این اے 132 قصور سے بھی مسلم لیگ (ن) کے ملک رشید احمد کامیاب ہوئے ہیں، قومی اسمبلی کی دیگر نشستوں میں سے این اے 8 باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب، این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین خان اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو کامیاب ہوئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں میں سے 7 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) جبکہ دو نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کو گجرات اور ان کے بیٹے مونس الہیٰ کو لاہور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی نشستوں میں سے پی پی 32 گجرات سے مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے امیدوار موسیٰ الہیٰ، پی پی 36 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عدنان افضل چٹھہ، پی پی 54 نارووال سے مسلم لیگ (ن) کے احمد اقبال، پی پی 93 بھکر سے مسلم لیگ (ن) کے سعید اکبر نوانی اور پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ (ن) کے رانا افضال حسین کامیاب ہوئے ہیں۔
لاہور کی چار میں سے تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت استحکامِ پاکستان پارٹی کا امیدوار کامیاب ہوا ہے۔
پی پی 147 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد ریاض ملک، پی پی 158 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد نواز، پی پی 164 لاہور سے مسلم لیگ (ن) سے محمد راشد منہاس جبکہ پی پی 149 لاہور سے استحکامِ پاکستان پارٹی کے محمد شعیب صدیقی کامیاب ہوئے ہیں۔