اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان پہنچا، جس کا استقبال وفاقی وزرا مصدق ملک اور جام کمال نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر یہ وفد پاکستان آیا ہے جس میں 30 سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کار سمیت 50 ارکان شامل ہیں۔
دورے کے دوران بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا جہاں زراعت، کان کنی، انسانی وسائل، توانائی، کیمیکلز، اور میری ٹائم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ریفائنری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن، تعمیرات، پانی اور بجلی کی پیداوار جیسے مختلف امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے اس موقع پر بیان دیا کہ سعودی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کریں گی، جس سے معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر توانائی مصدق ملک نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ سعودی وفد میں شامل اعلیٰ افسران 10 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کر سکتے ہیں، جس سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات کو بھی فروغ ملے گا۔
حالیہ دورے سے پہلے بھی دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت نے ایک دوسرے کے ملکوں میں تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دی ہے، جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام آیا ہے۔