لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے آئی ٹی سٹی منصوبے ’’نواز شریف آئی ٹی سٹی‘‘ کا سنگ بنیاد کر دیا۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلٰی محترمہ مریم نواز شریف نے پنجاب کی وزارتِ اعلٰی سنبھالنے کے بعد اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں ہی لاہور میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے آئی ٹی سٹی منصوبے ’’نواز شریف آئی ٹی سٹی‘‘ کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ الحمدللّٰه صرف اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کے پہلے آئی ٹی سٹی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے، آج تاریخ رقم ہو رہی ہے اور مجھ سے زیادہ شاید ہی کوئی خوش ہو گا، اس آئی ٹی سٹی کا نام نواز شریف کے نام پر رکھا گیا ہے کیونکہ نواز شریف ہی جدید پاکستان کے بانی ہیں، آج جو آپ تھری جی، فور جی اور فائیو جی دیکھ رہے ہیں اس کی بنیاد نواز شریف نے ہی رکھی تھی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی آئی ٹی کمپنیز نے ’’نواز شریف آئی ٹی سٹی‘‘ میں انویسٹ کرنے کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے اور ان میں سے 10 کمپنیز اپنے آفسز کھولنے جا رہی ہیں، آئی ٹی سٹی کے ساتھ نالج سٹی بھی بنایا جا رہا ہے جس کیلئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیز سے بات کی ہے جن میں سے بہت ساری یونیورسٹیز اپنے کیمپس یہاں کھولنے جا رہی ہیں، اس کے ساتھ فلم سٹی بھی بنا رہے ہیں جس میں جدید ترین ٹریننگ ملے گی، اس میں سرمایہ کاروں کیلئے دس برس ٹیکس فری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’نواز شریف آئی ٹی سٹی‘‘ ہمیں ڈیجیٹل ورلڈ کے ساتھ پاکستان کو جوڑنے کا موقع فراہم کرے گی، میری پوری کوشش ہو گی کہ یہاں پڑھنے اور ٹریننگ لینے والے بچے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے قابل ہوں تاکہ پاکستان میں اتنی زیادہ ٹیکنالوجی کی ترقی ہو کہ ہم دنیا سے آگے نکل سکیں، اگر بارڈر کے پار دیکھیں تو وہاں کتنا بڑا انفارمیشن ٹیکنالوجی انقلاب آیا ہے، اگر یہ بھارت میں ہو سکتا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں ہو سکتا؟ یہ انشاءاللّٰه پاکستان میں بھی ہو گا اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بےپناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پاکستان کی ترقی کیلئے استعمال کرنا ہو گا، ہم نوجوانوں کو الیکٹرک موٹر بائیکس دے رہے ہیں، ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ای بائیکس کی طرف جانا ہو گا، الیکٹرک بائیکس کیلئے بچیوں کی طرف سے دس ہزار درخواستیں آئی ہیں اور میں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام بچیوں کو الیکٹرک بائیکس دی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم طلبہ و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کر رہے ہیں اور وائی فائی فری سروس بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں لے کر جائیں گے۔