مانچسٹر/انگلینڈ – مانچسٹر سٹی نے مسلسل چوتھی بار انگلش پریمیئر لیگ فتح کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
مانچسٹر سٹی کے اتحاد سٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم اور رواں سیزن کے اپنے اخری میچ میں انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہام کو ایک کے مقابلے میں تین گولز سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی، مانچسٹر سٹی پوائنٹس ٹیبل میں بہترین ریکارڈ کے ساتھ مسلسل چوتھی بار انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپئن بن گئی۔
قبل ازیں مانچسٹر سٹی کے 37 میچز میں 88 پوائنٹس تھے جبکہ آرسنل 37 میچز میں 86 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی، مانچسٹر سٹی کو ویسٹ ہام جبکہ آرسنل کو ایورٹن کا چیلنج درپیش تھا، آرسنل نے ایورٹن کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے دی جس کے بعد مانچسٹر سٹی کیلئے ویسٹ ہام کو شکست دینا ناگزیر ہو گیا۔
مانچسٹر سٹی کی جانب سے انگلش کھلاڑی فل فوڈن نے میچ کے بارہویں اور پھر اٹھارہویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گولز سکور کر کے اپنی ٹیم کو زبردست برتری دلا دی، ویسٹ ہام کی جانب سے گھانا کے کھلاڑی محمد قدوس نے میچ کے 42ویں منٹ میں گول سکور کر کے اپنی ٹیم اور آرسنل کے پرستاروں کیلئے کچھ امید پیدا کی مگر مانچسٹر سٹی کی جانب سے ہسپانوی کھلاڑی روڈری نے میچ کے 59ویں منٹ میں شاندار گول کر کے ویسٹ ہام اور آرسنل کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
مانچسٹر سٹی نے مسلسل چوتھی بار انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپئن بن کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جبکہ مانچسٹر سٹی کے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا مجموعی طور پر 6 بار انگلش پریمیئر لیگ فتح کرنے والے چوتھے مینیجر بن گئے ہیں۔