تہران (تھرسڈے ٹائمز) — ایران کے صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو ایران کے شمال مغربی علاقہ ’’آذربائیجان‘‘ میں اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ ایران اور پڑوسی ملک آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے جبکہ افتتاح کے موقع پر ان کے آذربائیجانی ہم منصب الہام الیوف بھی موجود تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثہ ورزاغان میں جنگلات سے بھرپور شدید دھند والے پہاڑی علاقہ میں خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر کی تلاش اور امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جائے وقوعہ کی تلاش اور پھر ہیلی کاپٹر کے ملبہ تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔
ہیلی کاپٹر میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہمراہ ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، مشرقی آذربائجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبہ میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے، ایرانی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا جبکہ کچھ لاشیں جل کر ناقابلِ شناخت ہو چکی ہیں۔