اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے وفد کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ آمد، تحریکِ انصاف کے وفد میں اسد قیصر، عمر ایوب اور دیگر راہنما شامل تھے جبکہ ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام کے راہنما سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا عبدالواسع بھی شریک تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ تحریکِ انصاف کے ساتھ رابطے بڑھیں اور تلخیاں کم ہوں کیونکہ یہ آج کی ضرورت ہے، آئینِ پاکستان کی حیثیت نہیں رہی، پارلیمنٹ کی اہمیت ختم ہو چکی ہے، جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے، دہشتگردی کے خلاف آپریشن دس پندرہ سالوں سے چل رہا ہے مگر دہشتگردی میں دو گنا نہیں بلکہ دسی گنا اضافہ ہوا ہے، عام آدمی کو آج تک امن میسر نہیں ہو سکا۔
قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ کیا گیا جس میں عام شہری شہید ہوئے، چمن بارڈر پر چھ سات ماہ سے لوگوں کا دھرنا جاری ہے، مقامی آبادیوں کے روزگار تباہ ہوگئے ہیں، عجیب طرح کی پابندیاں لگائی جاتی ہے جس سے عام آدمی پریشان ہے، عوام باہر نکل آئے ہیں کیونکہ وہ روزگار چاہتے ہیں، ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں 2018 کے عام انتخابات پر اعتماد نہیں تھا تو ہمارا مؤقف سب کے سامنے تھا، وہ ہمارے دوست جو تب ہمارے ساتھ تحریک میں شامل تھے انہوں نے 2024 کے عام انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا ہے تو ہم پھر اکیلے ہو کر کہتے ہیں کہ غلط غلط ہی ہوتا ہے، جو چیز 2018 میں غلط تھی وہ آج 2024 میں بھی غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں اضطراب پایا جاتا ہے، وہ لوگ توجہ چاہتے ہیں، افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں لوگوں کے روزگار ختم ہو چکے ہیں، ہم کس پر بھروسہ کریں؟ بات چیت کیلئے اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں ہماری آواز ایک ہونی چاہیے، ملک کے مسائل سے متعلق بھی ہماری ترجیحات ایک ہونی چاہییں، اختلافات ختم نہیں کر سکتے تو اختلاف کو کسی حد تک نرم تو کیا جا سکتا ہے، کچھ ترجیحات ایسی ہوتی ہیں جن کیلئے دیگر کئی ترجیحات کو ختم کرنا پڑتا ہے۔