ابوظہبی (تھرسڈے ٹائمز) — متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو پاکستان میں 10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے اہم دورے پر ہیں جہاں ان کی ملاقات متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ہوئی ہے جبکہ ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی اور علاقائی امور کے حوالہ سے گفتگو ہوئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں دس ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، دونوں راہنماؤں کے مابین اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔