پشاور (تھرسڈے ٹائمز) – وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری برداشت ختم ہو چکی ہے، اب ہم نکلیں گے تو پھر ایسے ہی واپس نہیں آئیں گے بلکہ اب ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔
وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرح نمو ایک فیصد پر آچکی ہے، تحریکِ انصاف کی حکومت میں یہ 5.6 فیصد تھی، آج پیٹرول، بجلی اور گیس سمیت سب کچھ مہنگا ہو چکا ہے، وفاق سے پوچھیں گے کہ یہ سارا پیسہ کدھر جا رہا ہے اور کس کو دیا جا رہا ہے؟ ہمیں تو ہمارے پیسے نہیں دیئے جا رہے، ہم اس پر احتجاج بھی کریں گے اور اس کا حساب بھی لیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جب ہم صوبہ کے حقوق کے بارے میں پوچھتے ہیں تو یہ کہتے ہیں کہ ہمارا رویہ ٹھیک نہیں ہے، اگر اس برس کے 100 ارب روپے ہمیں فوراً سے پہلے نہ دیئے گئے تو پھر مرکز ردِعمل کیلئے تیار رہے، اگر ہمارے حقوق پر ڈاکہ مارا گیا تو پھر ہم اس طرف مارچ کریں گے اور یہ اب ہمارے لیے تیار رہیں، پریشان نہ ہوں وہ ہمیں اس سے زیادہ رقم دے گا۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا نے کہا کہ آج سائفر کیس تو وڑ گیا ہے، میں اس ایوان میں کھڑے ہو کر پیغام دے رہا ہوں کہ ہم ان لوگوں سے حساب لیں گے اور ان کو سزا دے کر دم لیں گے جنہوں نے اس کیس کو بنایا، اس کو غلط موڑ دیا، اس کیلئے غلط گواہیاں دیں اور پاکستانی قوم کو گمراہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا واضح پیغام ہے کہ ہماری برداشت ختم ہو چکی ہے، عمران خان کے خلاف تمام کیسز جلد از جلد ختم کیے جائیں، چیف الیکشن کمشنر آرٹیکل 6 کا مرتکب ہوا ہے کیونکہ اس نے آئین توڑا ہے، چیف الیکشن کمشنر اگر مجھے نااہل کروانا چاہتا ہے تو کروا لے، میں دوبارہ آؤں گا اور بار بار آؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری مکمل تھی اس لیے بجٹ بھی جلدی پیش کیا، ہم نے عوامی بجٹ پیش کیا ہے جس کا صوبے کو فائدہ ہو گا، صحت کارڈ کیلئے مزید 35 ارب روپے رکھے ہوئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اعلیٰ تعلیم کیلئے بجٹ کو بڑھایا جائے، اراکینِ اسمبلی کی بجٹ تجاویز کو بھی غور سے سنیں گے اور عمل درآمد بھی کریں گے، ہم صرف تختی تک محدود نہیں رہیں گے، جلد کام کریں گے اور منصوبے بھی جلد اور بروقت مکمل کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ اب ہم نکلیں گے تو پھر ایسے ہی واپس نہیں آئیں گے بلکہ پھر ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے، ہم جان ہتھیلی پر لے کر پھر رہے ہیں، آپ نے پہلے ہمیں آزما لیا ہے، ہم نے تب اف تک نہیں کیا لیکن اب کی بار ایسا نہیں ہو گا۔