مری (تھرسڈے ٹائمز) — مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے ہر بڑے منصوبے پر مسلم لیگ ن کا نام لکھا ہوا ہے۔ جو جنگلہ بس کہتے نہیں تھکتے تھے بالآخر انہیں خود وہ جنگلہ بس بنانی پڑی البتہ اربوں روپے کھا کر خود چلے گئے جس کی آج تک کوئی انکوائری ہی نہیں ہوئی۔
اس موقع پر میاں نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میںبات کرتے ہوئے کہا کہ مشرف صاحب اس دنیا سے جاچکے ہیں، اللہ تعالی انہیں معاف فرمائیں، میرے دل میں انکے لیے کوئی شکوہ شکایت نہیں ہے لیکن قوم کو سوچنا چاہیے کہ کس نے قوم کے ساتھ کیا کیا ہے۔
میاں نواز شریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے ساتھی اور بڑے عمدہ انسان تھے جنہوں نے بڑی جرات و بہادری کے ساتھ میرا ساتھ دیا۔ انہوں نے میرے ساتھ جیل بھی کاٹی اور مصائب بھی برداشت کیے۔ جو سچ بات ہے وہ کرنی چاہیے۔
صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے اس موقع پر سابق وزیاعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ کہتے تھے میں نواز شریف کا اے سی اتروا دونگا۔ یہ خود جیل میں ہیں تو میرا تو کبھی اس جانب دھیان بھی نہیں گیا۔ یہ ایک کی جگہ چاہے دو لگوا لیں کیونکہ میں ان جیسا کینہ پرور نہیں، نہ ہی میرے اندر انتقام اور عداوت کی سیاست کا جذبہ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کبھی میں یہ حساب لگانے کی کوشش کرتا ہوں کہ میں وزارت عظمی کی سیٹ پر زیادہ برس رہا ہوں یا جیلوں میں اور جلاوطنیوں میں زیادہ برس رہا ہوں۔
مہنگائی بارے بات کرتے ہوئے نواز شریف کہا کہنا تھا کہ ملک میں جو مہنگائی ہوئی وہ کیا میں چھوڑ کر گیا؟ میں تو چیزیں بہت سستی چھوڑ کر گیا تھا۔ میں خود نہیں گیا تھا بلکہ مجھے نکالا گیا تھا۔ اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو آج ملک میں غربت اور بیروزگاری کا اللہ کے فضل سے نام نہ ہوتا اور ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہ ہوتی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں خود آئی ایم ایف کے سہارے ڈھونڈنے والا نہیں ہوں، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا لیکن میرے بعد آنے والا دوبارہ آئی ایم ایف کو لیکر آیا۔ آج جو آئی ایم ایف بڑی بڑی شرطیں لگا رہا ہے، وہ مانی جائیں تو غریب کے لیے مشکلات کیوں پیدا نہیں ہونگی؟
شہباز شریف اور مریم نواز شریف کو شاباش دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دونوں بڑی محنت اور خلوص نیت سے کام کررہے ہیں۔ مریم نواز ہر جگہ پہنچتی ہیں، لوگوں سے ملتی ہیں۔ اس محنت کی وجہ سے روزمرہ اشیاء کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔ آٹے کی قیمت کم ہونے میں مریم نواز کا بہت بڑا کردار ہے۔
اس موقع پر سابق وزیرعظم عمران خان نام لیے بغیر نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت کو تو انہوں نے خود تباہ و برباد کیا ہے۔ میں تو خود آپ کے گھر چل کر گیا، کوئی میں ووٹ مانگنے یا مدد لینے نہیں گیا تھا، صرف اس لیے گیا تھا کہ آو ملک کے لیے مل کر کام کریں۔ محترمہ بینظیر بھٹو اور میں نے اسی لیے میثاق جمہوریت کیا تھا تاکہ جمہوریت کو مضبوط کیا جاسکے اور اسی لیے آپ کے پاس گیا تھا۔
نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ مریم نواز سے کہتا ہوں کہ پنجاب میں ان کے پاس جتنا بھی پیسہ ہے، اسے غریبوں کی ویلفیئر پر لگایا جائے کیونکہ سب سے پہلے ان کا حق ہے۔ یہی میں شہباز شریف سے بھی کہتا ہوں۔ ان سے کہتا ہوں آٹا، گھی، پٹرول، سبزیاں، چکن سستے ہوئے ہیں تو اللہ کا شکر ہے۔ اب ایسی پالیسیاں بننی چاہییں جس سے بجلی اور گیس بھی سستی ہونی چاہییں۔