مکۃ المکرمہ (تھرسڈے ٹائمز) — ہر سال حج کے موقع پر میدانِ عرفات خطبہِ حج دیا جاتا ہے جو کہ اسلامی سال کا ایک اہم واقعہ ہے، خطبہِ حج دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ایک اہم موقع ہوتا ہے جبکہ مسلمان اس خطبہ کو سنتے اور اس سے راہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ خطبہِ حج کے دوران بیان کی جانے والی تعلیمات اور نصیحتیں مسلمانوں کیلئے ان کے دینی فرائض کی یاد دہانی ہوتی ہیں، خطبہِ حج میں مسلمانوں ایک بہتر مسلمان اور ایک اچھا انسان بننے کی تلقین کی جاتی ہے۔
مسجد الحرام کے امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے رواں برس 2024 میں حج (بمطابق 1445 ہجری) کا خطبہ مسجد نمرہ، عرفات میں دیا جس میں انہوں نے مسلمانوں کی وحدت، اللّٰه کے بندوں کی حیثیت سے ان کے فرائض کی ادائیگی اور عالمی اسلامی برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
شیخ ماہر نے کہا کہ اے لوگو! اللّٰه سے ڈرو جیسا کہ اس سے ڈرنے کا حق ہے اور تمہاری موت اسلام پر ہی ہو، حج کا موسم ایک مقدس موقع ہے جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمان اللّٰه کے گھر کی طرف اپنی وابستگی ظاہر کرتے ہیں، آج کے دن ہم سب اللّٰه کے حضور دعاگو ہیں کہ وہ ہمیں گناہوں سے پاک فرما دے اور ہمیں اپنی رحمت سے نوازے۔
مسجد الحرام کے امام شیخ ماہر المعیقلی کے خطبہِ حج 1445 ہجری میں مندرجہ ذیل اہم موضوعات شامل رہے؛
اللّٰه کی وحدانیت
امام شیخ ماہر المعیقلی نے خطبہِ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰه تعالٰی اپنی ذات میں واحد ہے، اللّٰه کی وحدانیت اور رسولﷺ کی رسالت پر یقین اسلام کا پہلے ارکان ہیں، اللّٰه تعالٰی نے آپﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بنایا، انسان کو تقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، یہی فلاح و کامیابی کا راستہ ہے، دنیا کی زندگی کہیں تمہیں دھوکے میں مبتلا نہ کردے، جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللّٰه اس کی خطاؤں کو معاف فرمائے گا اور اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سے وہ گمان بھی نہیں کر سکتا۔
امام شیخ ماہر المعیقلی نے کہا کہ اللّٰه ہر چیز کا مالک و قادر ہے، قرآن سیدھی راہ دکھاتا ہے، اللّٰه پر توکل کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، اللّٰہ نے قرآن میں کئی مقامات پر نماز پڑھنے کا ذکر کیا ہے، قرآن مجید میں اللّٰه تعالٰی ارشاد فرماتا ہے کہ اے لوگوں نماز کو قائم کرو، اللّٰه تعالٰی نماز پڑھنے والوں کے گھروں پر رحمت نازل فرماتا ہے۔
خواتین کے حقوق
امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے اپنے خطبے میں خواتین کے حقوق اور ان کی عزت و تکریم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا: اے لوگو! تمہاری عورتوں کے متعلق تم پر کچھ حقوق ہیں اور تمہارے بھی ان پر کچھ حقوق ہیں، ان کے ساتھ حسن سلوک کرو اور ان کے حقوق کا خیال رکھو, یاد رکھو کہ تم نے انہیں (بیویوں کو) اللّٰه کی امانت کے طور پر قبول کیا ہے۔
زکوۃ اور حقوق العباد کی ادائیگی
خطبہِ حج کے دوران امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ جو صاحبِ استطاعت ہو اس پر حج بیت اللّٰه فرض ہے، اے مسلمانو! زکوٰۃ ادا کرو، حقوق العباد کا خیال رکھو، قرآن میں لوگوں کیلئے ہدایت موجود ہے، اسلام کی بنیاد خیر و فلاح پر ہے، اسلام کسی کو نقصان پہنچانے کا حکم نہیں دیتا، انسان کو خیر کے راستے پر چلنا چاہیے۔
وحدت اور بھائی چارہ
امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے مسلمانوں کی وحدت اور بھائی چارہ پر زور دیا اور کہا: تمام مسلمان ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ان کے درمیان کوئی تفریق نہیں ہے، کسی عربی کو کسی عجمی پر اور کسی عجمی کو کسی عربی پر کوئی فضیلت نہیں، فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔
رشتہ داروں کے ساتھ قطع تعلقی کی ممانعت
امامِ کعبہ شیخ ماہر المعیقلی نے کہا کہ جس انسان کا اخلاق اچھا ہے وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہونے والا ہے، جو ماں باپ کی خدمت کرنے والا ہے وہ بھی کامیاب ہو گا، والدین کا نافرمان نہ دنیا میں کامیاب ہو گا نہ آخرت میں، جو رشتے داروں کے ساتھ قطع تعلق کرتا ہے وہ اللّٰه کی رحمت سے دور ہوتا ہے، رشتے داری توڑنے والا اللّٰه کی رحمت نہیں سمیٹ سکے گا، انسان کو ہمیشہ عدل کے ساتھ فیصلے کرنے چاہئیں، ظلم و ناانصافی کے راستے کو کسی صورت اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
اسلامی تعلیمات کی پیروی
امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: اے لوگو! میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑ رہا ہوں، قرآن اور میری سنت، اگر تم ان پر عمل کرو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے۔
فحش کاموں سے اجتناب
امام شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی نے زور دیا کہ مسلمان فحش کاموں کو چھوڑ دیں، حیا کو لازم پکڑیں، اللّٰه نے شرکیہ امور کو حرام کر دیا ہے، اللّٰه نے شراب اور جوا کو حرام کر دیا ہے، شراب اور جوا کے نزدیک نہ جاؤ، یہ دونوں شیطانی اعمال ہیں۔
اجتماعی کوششیں
امام شیخ ماہر المعیقلی نے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا: امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل ہماری مشترکہ کوششوں میں ہے، ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا اور متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔
اہلِ خانہ سے بہترین حسن سلوک
امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ سب سے اچھا انسان وہ ہے جو بیوی بچوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے والا ہے، انسان کو بدگمانی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، کسی مسلمان کو اپنے بھائی کی غیبت نہیں کرنی چاہیے، جب تم مردہ بھائی کا گوشت کھانے کو پسند نہیں کرتے تو تمہیں غیبت بھی نہیں کرنی چاہیے۔
دعاؤں کی قبولیت کا دن
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ جو اللّٰه کے احکامات کی پابندی کرتا ہے اس پر رحمتوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، حج کرنے والے کے تمام گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں، آپﷺ میدانِ عرفات میں گئے اور دو نمازوں کو جمع کیا، آپﷺ نے میدانِ عرفات میں اللّٰه سے لمبی لمبی دعائیں مانگیں، آج کے دن دعا کرنے کی بہت زیادہ فضیلت ہے، آج دعا کرنے سے اللّٰه بہت سارے لوگوں کو معاف فرما دیتا ہے، آج کے دن اللّٰه تمام جائز دعاؤں کو قبول فرماتا ہے۔
امتِ مسلمہ سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعا کی درخواست
امام شیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ فلسطین کے مسلمانوں کیلئے دعا کرتا ہوں، فلسطین کے مسلمانوں پر عظیم مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، امتِ مسلمہ فسلطین کے مسلمانوں کو یہود کے مظالم سے نجات دلائے، اللّٰه حجاج کو خیر و عافیت سے ان کے وطن واپس لوٹائے۔