اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا ہے کہ چینی قیادت پاکستان اور چین کی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، چینی و پاکستانی سیاسی قیادت کا باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم پوری دنیا کو واضح پیغام ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی ناقابلِ تسخیر اور اٹوٹ ہے۔
وزیرِ خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات ہوئی ہے، اس موقع پر وزیرِ خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی ترقی میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے مثبت کردار اور دونوں ممالک میں اسی حوالہ سے متفقہ سیاسی اتفاقِ رائے کو سراہا جبکہ دونوں راہنما کئی اہم امور پر بھی متفق ہوئے۔
پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی وزیر اور وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، چینی وفد کا دورہ دونوں ممالک میں اعلیٰ سطح روابط کا حصہ اور باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث ہے، دورہِ چین کے دوران چینی وزیر سے مفید ملاقات ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کا دورہِ چین انتہائی کامیاب رہا، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جہاں چین نے 2013 میں سی پیک لانچ کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا وژن اور دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے جس سے سماجی اور پائیدار ترقی اور علاقائی تعاون کو فروغ ملا، سی پیک کے ذریعہ پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی، سی پیک سے متعلق پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔
اس موقع پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ مشترکہ مشاورتی میکانزم اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، چینی قیادت پاکستان اور چین کی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور ہم دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو نئی جہتوں تک پہنچانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور چین ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں جبکہ ترقی کی یہ پالیسی دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ہو گی۔
لیو جیان چاؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال میں پیچیدہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے دوچار ملک کی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، دونوں ممالک کے مابین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہونِ منت ہے، سرمایہ کاری کیلئے سکیورٹی کی صورتحال کو بھی مزید بہتر بنانا ہو گا، میرا یہ دورہ شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کیلئے ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی قیادت کے مابین چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کی اپ گریڈیشن پر اتفاق ہوا ہے، چین پاکستان کے ساتھ میڈیا، طلباء اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کیلئے تیار ہے، چینی و پاکستانی لیڈرشپ کا باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا عزم پوری دنیا کو واضح پیغام ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی ناقابلِ تسخیر اور اٹوٹ ہے۔