راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا برقرار، عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا، ٹرائل کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجرم قرار دیتے ہوئے سات، سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔
یاد رہے کہ 25 نومبر 2023 کو خاور مانیکا نے سول جج قدرت اللّٰہ کی عدالت میں شکایت دائر کی تھی، 16 جنوری کو عدت کے دوران نکاح کیس میں بانی تحریکِ انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی گئی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 14 گھنٹے سماعت کے بعد 2 فروری کو ٹرائل کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا جبکہ 3 فروری کو عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سات، سات برس قید کی سزا سنائی۔
اس سے قبل کیس کی سماعت سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے بھی کی تھی تاہم عدم اعتماد کی بنیاد پر اور جج کی درخواست پر ہائیکورٹ نے کیس جج افضل مجوکا کو ٹرانسفر کیا جنہوں نے آج محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست خارج کر دی ہے۔