بارباڈوس (تھرسڈے ٹائمز) — انڈیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میچ میں ساؤتھ افریقہ کو شکست دے کر 17 برس کے بعد دوسری بار ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا، اس سے قبل انڈیا 2007 میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا تھا۔
ویسٹ انڈیز میں بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 7 وکٹس کے نقصان پر 176 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جس کے جواب میں ساؤتھ افریقہ مقررہ اوور میں 8 وکٹس کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔
مایہ ناز بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی نے 59 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کے ساتھ 76 رنز سکور کیے، اکشر پٹیل نے 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کے ساتھ 47 رنز جبکہ شوم دوبے نے 16 گیندوں پر 27 رنز سکور کیے، کپتان روہت شرما محض 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ساؤتھ افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 3 اوورز میں 23 رنز کے عوض دو وکٹس حاصل کیں، اینریچ نورٹج نے بھی 26 رنز کے عوض دو اندین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکو جینسن اور کاگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ساؤتھ افریقی ٹیم ابتداء میں مشکلات کا شکار رہی، محض 7 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر بلے باز ریزا ہینڈریکس 4 رنز بنا کر جسپریت بومرا کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد کپتان ایڈن مارکرم بھی صرف 4 رنز بنا کر 12 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی مشکلات کے بعد وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک اور بیٹنگ آل راؤنڈر ٹرسٹن سٹبز نے 38 گیندوں پر 58 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جس نے ساوتھ افریقہ کی پوزیشن کو مستحکم بنا دیا، ٹرسٹن سٹبز 70 رنز کے مجموعی سکور پر 1 چھکا اور 3 چوکوں کے ساتھ 21 گیندوں پر 31 رنز بنا کر اکشر پٹیل کا شکار ہوئے۔
بعدازاں ہینرچ کلاسن نے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر 22 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد 106 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک 31 گیندوں پر 1 چھکا اور 4 چوکوں کے ساتھ 39 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ہینرچ کلاسن نے محض 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کے ساتھ 52 رنز کہ شاندار اننگز کھیل کر ساؤتھ افریقہ کیلئے ہدف آسان بنا دیا، انہوں نے 23 گیندوں پر 50 رنز مکمل کر کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی ایونٹس کی تیز ترین ففٹی سکور کی۔
ہیمرچ کلاسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ساؤتھ افریقی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی اور بظاہر ایک آسان ہدف بھی حاصل نہ ہو سکا، مارکو جینسن 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، ڈیوڈ ملر بھی بےبس نظر آئے اور 17 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ساؤتھ افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹس کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔
اندیا کی جانب سے ہاردیک پانڈیا نے 3 اوورز میں 20 رنز کے عوض 3 وکٹس حاصل کیں جبکہ ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بومرا نے چار چار اوورز میں بالترتیب 20 اور 18 رنز کے عوض دو دو افریقی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اکشر پٹیل نے 4 اوورز میں 49 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
ویراٹ کوہلی 59 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کے ساتھ 76 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔