مانسہرہ (تھرسڈے ٹائمز) — علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ حلف دیتا ہوں اور کلمہ کی قسم کھاتا ہوں کہ آزادی کی تحریک میں پہلی گولی میں کھاؤں گا، ہم تمام دیواروں کو نیست و نابود کر دیں گے، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں اور ہندوستان سے آزادی حاصل کی تھی اور اب ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم ان حکمرنوں سے بھی آزادی حاصل کریں گے۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کو حلف دیتا ہوں اور کلمہ کی قسم کھاتا ہوں کہ میں آزادی کی تحریک میں سب سے آگے ہوں گا اور پہلی گولی میں کھاؤں گا، ہم نے ایک بار حقیقی آزادی کا فیصلہ کر لیا تو پھر ہم ساری دیواریں نیست و نابود کر دیں گے، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں اور ہندوستان سے آزادی حاصل کی تھی اور اب ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم ان حکمرنوں سے بھی آزادی حاصل کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ میں عوام کی طاقت سے اپنی تاریخ یاد دلاؤں گا، ایک بار جب عمران خان نے کہہ دیا کہ ہمیں عدالتوں پر، آئین پر اور اداروں پر اعتماد نہیں رہا تو پھر ہم انصاف بھی لیں گے، اپنا حق بھی لیں گے اور آزادی بھی لے کر دکھائیں گے، اگر عمران خان کے خلاف پرویز خٹک سمیت مزید کسی نے بھی گواہی دی تو خدا کی قسم وہ خیبرپختونخواہ میں واپس نہیں آ سکے گا، ہر گواہی دینے والے سے حساب لیا جائے گا۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا نے کہا کہ جتنے دنوں سے عمران خان جیل میں ہیں خدا کی قسم ہم ایک ایک دن کا حساب لیں گے، بحثیت وزیرِ اعلٰی اعلان کرتا ہوں کہ جنرل (ر) باجوہ غدار ہے اور جو بھی جنرل (ر) باجوہ بنے گا میں اسے غدار کہوں گا، اس دن سے ڈرو جب عمران خان ایک آواز دے گا تو خدا کی قسم ہم تمہارا وہ حشر کریں گے کہ تمہاری نسلیں یاد رکھیں گی، روک سکتے ہو تو روک لو۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مریم نواز پنجاب پر ظلم کر رہی ہے، مریم نواز شریف کا باپ،چچا، بھائی اور شوہر چور ہیں، اگر پنجاب میں مزید لاقانونیت کی گئی تو پھر ہم خیبرپختونخوا سے جا کر پنجاب کو بچائیں گے، پنجاب سے خیبرپختونخوا کے لوگ تحریک شروع کریں گے اور ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکے گا۔