اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطینی میڈیکل سٹوڈنٹس کیلئے پاکستان کی جانب سے بڑے اقدام کا اعلان کر دیا، پاکستانی حکومت فلسطین کے میڈیکل طلباء کیلئے تعلیم اور ٹریننگ فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیرِ خارجہ اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں میڈیکل کالجز اور ہاسپٹلز اسرائیلی حملوں کے باعث تباہ ہو چکے ہیں، ان کالجز اور ہاسپٹلز میں میڈیکل کی تعلیم اور ٹریننگ حاصل کرنے والے طلباء کیلئے پاکستانی حکومت بقیہ تعلیم اور ٹریننگ کا بندوست کرے گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت غزہ میں تباہ ہونے والے میڈیکل کالجز اور ہاسپٹلز سے منسلک فلسطینی طلںاء کو پاکستان کے میڈیکل کالجز اور ہاسپٹلز میں ان کی بقیہ تعلیم اور ٹریننگ فراہم کرے گی اور اس حوالے سے ان کیلئے تمام سہولیات کا بندوبست کرے گی۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کے بارے میں مضبوط مؤقف ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بند ہونے چاہئیں اور فلسطینیوں کو ان کی سرزمین اور ان کا حق ملنا چاہیے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے حوالے سے مقدمہ چلنا چاہیے۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور اسرائیل کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔