لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کارکنان کو جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی ہدایات دینے کے اعتراف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالآخر 9 مئی کے منصوبہ ساز نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، تحریکِ انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک انتشاری ٹولا ہے جس کا کام صرف پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چار ماہ تک ٹانگ پر جعلی پلستر باندھ کر 9 مئی سازش کی منصوبہ بندی کی گئی، اگر یہ احتجاج پُرامن تھا تو پھر 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے کیوں ہوئے؟ ائیر فورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، شہداء کی یادگاروں کی توہین کی گئی، جھوٹ بول کر سائفر لہرانا اور پھر پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھنا اسی سازش کا حصہ تھا۔
وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ اس انتشاری ٹولے نے 2014 میں بھی 9 مئی جیسے واقعات کا ٹریلر دکھایا تھا، اسی انتشاری ٹولے نے پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملے کیے تھے، اسی انتشاری ٹولے نے پولیس اہلکاروں کے سر پھاڑے تھے، سپریم کورٹ کی دیواروں پر گندے کپڑے دھوئے تھے اور ڈی جی چوک میں قبریں کھودی تھیں۔
راہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ زمان پارک دہشتگردی کا ہیڈ کوارٹر بنا رہا جہاں پیٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملہ کرنے کی تربیت دی جاتی رہی، اس انتشاری ٹولے نے دوست ممالک کو پاکستان سے دور کیا، دوست ممالک کی قیادت سے متعلق بدزبانی کی گئی، اس شرپسند ٹولے نے اپنے دھرنے سے چین کے صدر کا دورہ نہ ہونے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کا یہ تقاضا ہے کہ اس انتشاری ٹولے کے خلاف آئین و قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ان شرپسندوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔