پشاور (تھرسڈے ٹائمز) – وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت میں نااہل، نکمے اور پنوتی (منحوس) اعظم بیٹھے ہیں، یہ لوگ جس چیز پر بھی ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو پنوتی (منحوس) قرار دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت میں نااہل، نکمے اور پنوتی (منحوس) اعظم بیٹھے ہیں، یہ لوگ جس چیز پر بھی ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے، ادارے نیوٹرل ہو جائیں کیونکہ ان لوگوں کے ساتھ رہ کر ان کی نحوست کی لعن طعن بھی اداروں پر آ رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ادارے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ اس حکومت کو ادارے لائے ہیں اس لیے نفرت اداروں کے خلاف پھیل رہی ہے، یہاں کام پر نہیں بلکہ نام پر زیادہ فوکس کیا جاتا ہے، یہ لوگ عوام کے پیسوں پر چیز بنا کر اپنے والد یا والدہ کے نام لگا لیتے ہیں، کیا یہ آپ کے باپ کا پیسہ ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمارا، ہمارے لیڈر کا اور ہماری پارٹی کا کردار اور ہمارا ماضی سب کے سامنے ہے، ہم نے کبھی اقتدار کیلئے سیاست نہیں کی، ہم نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی ہے، ہم نے دو صوبوں میں انتخابات کیلئے حکومتیں چھوڑ دی تھیں مگر پھر آئین کی توڑنے والے یہ لوگ تھے، آج ہمارے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، یہی لوگ پاکستان کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جب حکومت چھوڑی تب پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم تھیں، آج پیٹرول اور بجلی کی قیمت کا موازنہ اس دور سے کر لیں، ہمارا بجٹ ٹیکس فری اور فلاحی ہے، ہم صوبے کے عوام کو سولر پینلز فراہم کر رہے ہیں، بجلی کے معاملہ پر امیر پر ہاتھ ڈالیں، غریب کتنی بجلی چوری کرلے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ٹریفک پولیس غریبوں کا چلان نہ کیا کرے بلکہ صرف امیروں کا چالان کیا کرے اور اس طرح کی پالیسی بنائی جائے کہ گاڑی کا چالان اس کی مالیت اور ماڈل کے مطابق ہو، جتنی بڑی گاڑی ہو اس کا اتنا بڑا چلان کیا جائے تاکہ ہمیں غریبوں کا چالان نہ کرنا پڑے، غریب طبقہ کے معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں ہمارے اپنے بھائی ہیں، ہمارا ایک کلچر ہے کہ پیار سے مانگنے پر جان بھی دینے کو تیار ہو جاتے ہیں لیکن اگر ضد پر آ جائیں تو پھر ٹھیک چیز کو بھی ماننے سے انکار کر دیتے ہیں، پولیس حکام عوام سے اچھا رویہ اختیار کریں۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بہت سارے اضلاع سے نکل کر محدود ہو گئی ہے۔