اسلام آباد – پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق راہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہماری (تحریکِ انصاف) حکومت امریکہ نے نہیں گرائی تھی، عمران خان نے اپنے سیاسی فائدے کیلئے عوام کے سامنے جھوٹ بولا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے اہم رکن رہنے والے سابق راہنما تحریکِ انصاف شفقت محمود نے ایک نجی پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت (تحریکِ انصاف حکومت) امریکہ نے نہیں گرائی تھی، عمران خان نے سیاسی فائدے کیلئے جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنایا، سیاست میں زندہ رہنے کیلئے ایسا کرنا پڑتا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 2018 میں ہماری حکومت (تحریکِ انصاف حکومت) اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بنائی تھی اور پھر گرائی بھی جنرل قمر باجوہ نے تھی۔، اگر ہماری حکومت 5 برس مکمل کر کے الیکشن میں جاتی تو عین ممکن تھا ہم الیکشن ہار جاتے کیونکہ مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے اور ہماری مقبولیت کا گراف بھی نیچے جا رہا تھا۔
پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب کے سابق صدر نے کہا کہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیرِ اعلٰی بنانا بہت بڑی غلطی تھی، عثمان بزدار نے صرف ایک ماہ قبل تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ وزیرِ اعلٰی بن گئے، عثمان بزدار تحریکِ انصاف کے لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے اور ہمیں بھی انہیں جانتے نہیں تھے، عثمان بزدار سے متعلق حیرت ہوئی تھی کہ یہ کون ہیں اور کہاں سے آ گئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ سے ہٹانا غلطی تھی، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی جانب سے تحریکِ عدم اعتماد کو مسترد کرنا غیر آئینی اقدام تھا جس کی میں نے مخالفت کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران 2014 میں دیئے گئے دھرنا کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کا کردار تھا۔