پشاور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم جب بھی نکلتے ہیں سر پر کفن پہن کر نکلتے ہیں، ہمیں مجبور مت کریں کہ ہم اس حد تک چلے جائیں کہ پھر آپ برداشت نہ کرسکیں۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے آج پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں جلسہ منسوخی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان تصادم نہیں چاہتے، عمران خان نے حکم دیا ہے کہ ترنول میں جلسہ نہیں کرنا، عمران خان نے ایک بار پھر آئین و قانون کی پاسداری کی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان آئین و قانون پر عمل کرنے والے اور عوام سے محبت کرنے والے لیڈر ہیں، عمران خان پُرامن لیڈر ہیں اور وہ تصادم نہیں چاہتے، آئین و قانون پر عمل کرنا اور شہریوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے، تمام اداروں اور عدالتوں کو پیغام ہے کہ وہ اپنی اصلاح کریں۔
انہون نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر آج کا جلسہ منسوخ کیا ہے، عمران خان جب چاہیں گے جلسہ ہو گا، عمران خان نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا ہے اور بھرپور طریقے سے کرنا ہے، اب ہم 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ منعقد کریں گے۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم جب بھی نکلتے ہیں سر پر کفن پہن کر نکلتے ہیں، ہمیں مجبور مت کریں کہ ہم اس حد تک چلے جائیں کہ پھر آپ برداشت نہ کرسکیں، عمران خان کے صبر اور ظرف کی وجہ سے یہ لوگ ایوانوں میں بیٹھے ہیں ورنہ ہم آپ کا وہ حال کرتے کہ آپ کی نسلیں یاد رکھتیں۔