راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — بنگلہ دیش نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹس سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش نے راولپنڈی میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 10 وکٹس سے شکست دے دی، یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ میچز میں پاکستان کے خلاف تاریخ میں پہلی فتح ہے جبکہ بنگلہ دیشی تاریخ میں سب سے بڑی ٹیسٹ میچ کامیابی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹس کے نقصان پر 113 اوورز میں 448 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 239 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سعود شکیل نے۔ 261 گیندوں پر 9 چوکوں کے ساتھ 141 رنز بنائے جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے بالترتیب 77 اور 70 رنز کے عوض دو دو وکٹس حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 167 اعشاریہ 3 اوورز میں 565 رنز سکور بنا کر 117 رنز کی برتری حاصل کی، بنگلہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے 341 گیندوں پر 22 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 191 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اوپنر بلے باز شادمان اسلام نے 183 گیندوں پر 12 چوکوں کے ساتھ 93 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 93 رنز کے عوض 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے بالترتیب 88 اور 90 اور 88 رنز کے عوض دو دو وکٹس حاصل کیں۔