کوئٹہ (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی نے 2018 کے بعد دوبارہ سر اٹھایا ہے، ہم دہشتگردی کا سر کچل دیں گے، انشاءاللّٰه ہم مصمم ارادہ کے ساتھ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے پیشِ نظر اہم اقدامات اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے حکمتِ عملی طے کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں وزیرِ اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی اور دیگر حکام نے استقبال کیا جبکہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی اور جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا پے کہ ہمیں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی راہ کی رکاوٹیں ختم کرنی ہیں، ہمارے شہداء کا لہو ضائع نہیں جائے گا، سیاسی قیادت اور آرمی چیف اس خطرناک مرحلے کو عبور کریں گے، ہم پاکستان کے اس خوبصورت صوبہ کہ ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بلوچستان میں ہونے والے واقعات دلخراش ہیں جن پر ہم سب غم زدہ ہیں، پاکستان میں 2018 کے بعد دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، ہم دہشتگردی کا سر کچل دیں گے انشاءاللّٰه ہم مصمم ارادہ کے ساتھ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، پاکستان کے شہریوں اور فوج و دیگر سیکیورٹی فورسز کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔