راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کر دی، پاکستان کو پاکستان کی ہی سرزمین پر دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دے دی۔
راولپنڈی میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 10 وکٹس سے شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی فتح سمیٹ لی، بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6 وکٹس سے شکست دے کر پاکستان کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت لی۔
سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو 85 اعشاریہ 1 اوورز میں 274 رنز پر آل آؤٹ کر دیا، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 110 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 58 رنز بنائے، کپتان شن مسعود 69 گیندوں پر 2 چوکوں کے ساتھ 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا نے 95 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 54 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی میراز نے 61 رنز کے عوض 5 وکٹس حاصل کیں جبکہ تسکین احمد 57 رنز کے عوض 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیش اپنی پہلی اننگز میں ابتدائی طور پر مشکلات کا شکار نظر آئی اور اس کے 6 بلے باز محض 26 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس اور مہدی میراز نے 165 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، لٹن داس نے 228 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کے ساتھ 138 رنز بنائے جبکہ مہدی میراز 124 گیندوں پر 12 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس کی شاندار سینچری کی بدولت بنگلہ دیشی 78 اعشاریہ 4 اوورز میں مجموعی طور پر 262 بنانے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 90 رنز کے عوض 6 وکٹس حاصل کیں۔
پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں رہت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 46 اعشاریہ 4 اوورز میں محض 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سلمان آغا 71 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 47 جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 73 گیندوں پر 5 چوکوں کے ساتھ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان شان مسعود نے 34 گیندوں پر 4 چوکوں کے ساتھ 28 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 43 رنز کے عوض 5 جبکہ ناہید رانا نے 44 رنز کے عوض 4 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیشی بلے بازوں نے 185 رنز کا ہدف بآسانی 56 اوورز میں 4 وکٹس کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر بلے باز ذاکر نے 39 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 40 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ ان کے ہمراہ شادمان اسلام نے 51 گیندوں پر 2 چوکوں کے ساتھ 24 رنز بنائے، کپتان نجم الحسین شانتو نے 82 گیندوں پر 5 چوکوں کے ساتھ 38 رنز بنائے، مومن الحق 71 گیندوں پر 4 چوکوں کے ساتھ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مایہ ناز بلے باز مشفیق الرحیم 51 گیندوں پر 1 چوکے کے ساتھ 22 رنز جبکہ آل راؤنڈر شکیب الحسن 43 گیندوں پر 1 چوکے اور 1 چھکے کے ساتھ 21 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا، خرم شہزاد، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹس سے شکست دے کر پاکستان کے خلاف پہلی اور اپنی تاریخ کی بہترین فتح حاصل کی تھی جبکہ اب دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹس سے شکست دے کر پاکستان کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔