پشاور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جمعہ کو پورے پاکستان میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے سابق چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی اڈیالہ جیل سے رہائی کیلئے پورے پاکستان میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی تبھی ممکن ہو گی جب عدلیہ آزاد ہو گی اور اس کیلئے ہم جمعہ کو پاکستان کے ہر شہر میں نکلیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم فارم 47 کی حکومت کو نہیں مانتے، ہم اس حکومت کی کسی آئینی ترمیم کو مانتے اور نہ ہی ہم اس حکومت کی لائی ہوئی کسی آئینی ترمیم کے تحت بننے والی کسی عدالت کو مانیں گے، ہم آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کھڑے ہیں، جمعہ کو ہم پورے پاکستان میں پرامن طریقے سے باہر نکل کر آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل لاہور والوں نے خوف کے بت توڑ کر ایک بھرپور جلسہ کیا جس پر ہم عمران خان کی جانب سے لاہور والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کل خیبرپختونخوا کے عوام نے ثابت کر دیا کہ ہم غیرت مند لوگ ہیں اور جو بھی فیصلہ کرتے ہیں اس کو پورا کرتے ہیں اور اپنی منزل تک پہنچ کر دکھاتے ہیں، اگر حکومت اتنی ہی جمہوری ہے تو ہمیں مینارِ پاکستان پر جمسہ کی اجازت دے پھر ہم انہیں دکھائیں گے کہ جلسہ کیا پوتا ہے۔
چیف منسٹر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کل کے جلسہ کیلئے پورا لاہور نکلا جس پر میں عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جو جماعتیں آئینی ترمیم میں حصہ لے رہی ہیں ان سب کو عوام جواب دیں گے جس طرح عوام نے 8 فروری کو جواب دیا تھا، ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں اور عدلیہ سے کہتے ہیں کہ پریشرائز کرنے والوں کی نشاندہی کریں، ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں جانتا ہوں تمہارے اندر غیرت نہیں ہے لیکن میں پھر بھی اسے جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، نواز شریف لوگوں نے تمہاری ماں اور نانی کی غیر اخلاقی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی تھیں، آصف زرداری تم بھی تھوڑی سی غیرت کر لو، تم کرسی و اقتدار اور پیسے کیلئے ہر حد تک جا سکتا ہے اور وہ اس حد تک جا چکا ہے، تم لوگ صرف کرپشن کرتے ہو اور ڈاکے مارتے ہو لیکن اب ہم تمہیں ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں معافی مانگنے کی شرط کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا کا کہنا تھا کہ میں پنجاب حکومت کا غلام نہیں ہوں، میں کسی سے معافی نہیں مانگوں گا جو کرنا ہے کر لو، بھول جاؤ معافیاں، اگر معافی پر بات گئی تو آپ ساری زندگی معافیاں مانگتے پھریں گے، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ہم عمران خان کو رہا کروا کر اسے ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔
انہوں نے لاہور جلسہ کیلئے وقت کا تعین کرنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ میں سٹینڈرڈ ٹائم کی جو حرکت کی گئی ہے اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ،صرف پی ٹی وی کا خبر نامہ سٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق دیکھا جاتا ہے، ایک ریاست دو دستور نامنظور ہیں، ملک میں دو طرح کے قانون ہیں، کمزور کیلئے الگ اور طاقتور کیلئے الگ قانون ہے، جھوٹا بیانیہ دے کر قوم کو بےوقوف نہیں بنایا جا سکتا کہ راستے کھلے تھے، میں ساڑھے پانچ بجے کالاشاہ کاکو پہنچا جہاں رکاوٹیں ڈالی گئی تھیں۔